اسلام آباد(آئی ایم ایم)وفاقی وزیر سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان میں او آئ سی کی قائمہ کمیٹی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے ہمراہ جمعرات کو اسلام آباد میں فلسطین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر جناب ڈاکٹر زوہیر زید سے خصوصی ملاقات کی ۔
دوران ملاقات پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے فلسطینی نوجوانوں کے لیے کیے گئے کامسٹیک کے اقدامات خصوصاً 5,000 اسکالرشپس و فیلوشپس منصوبے کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے فلسطینیوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنے اور تعلیمی مواقع کو فروغ دینے کے عزم پر زور دیا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فلسطین کے لیے حکومت اور عوام کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا اور عمان کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہاں مختلف ممالک کے تعلیمی وزراء کے ساتھ فلسطین کی تعلیم کے شعبے میں مدد کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان فلسطین میں تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے عملی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔مزید برآں، ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کے تعلیمی وزراء کا ایک غیر معمولی اجلاس اسلام آباد میں بلانے کی تجویز دی ہے، تاکہ فلسطین کی مدد کے لیے ایک جامع طویل مدتی منصوبہ تیار کیا جا سکے۔
پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر زید نے فلسطینی حکومت، کامسٹیک، اور پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ حمایت فلسطینی عوام کے لیے ناقابل فراموش ہے۔یہ دورہ پاکستان اور کامسٹیک کی جانب سے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے عزم اور اس کے تعلیمی و ادارہ جاتی ترقی میں کردار ادا کرنے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔