اسلام آباد(آئی ایم ایم) پچیانگ کے میئر اور کاشغر کے دفتر خارجہ کے بیورو کی قیادت میں سنکیانگ صوبے کے چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) کا دورہ کیا۔ وفد میں بیلٹ اینڈ روڈ کے فوکل پرسن اور خارجہ امور اور سرمایہ کاری کے ڈائریکٹر وونگ تانگ بھی شامل تھے۔ اس دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان B2B تعلقات کو دریافت فروغ دیناتھا جس میں قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور اسٹیل پروسیسنگ کی صنعت جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ۔
آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر عبدالرحمن صدیقی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں مقامی اور بین الاقوامی تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مقامی برآمدی مصنوعات جن میں ماربل، اسٹیل اور فارماسیوٹیکلز شامل ہیں اور پاکستانی مصنوعات کی قدر کو بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ضرورت پر زور دیا جس مقامی سطح پر روزگار اور مہارت کو فروغ میں مدد ملے گی اور انہیں بین الاقوامی منڈی میں مزید مسابقتی بنایا جا سکے گا۔
چینی وفد نے خاص طور پر کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف نے باہمی فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے رابطے میں رہنے، دوطرفہ دوروں کا اہتمام کرنے اور متعلقہ چیمبرز کے ساتھ روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔سینئر نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے فریقین کو تعاون کو مزید آسان بنانے کے لیے اپنی اپنی برآمدی معیار کی مصنوعات کی فہرستیں تیار کرنے اور ان کا تبادلہ کرنے پر پر زور دیا۔
چینی وفد میں بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل یونائیٹڈ گروپ کے چیئرمین وانگ ژیانگ بنگ، کاشغر ہوادا کنسٹرکشن انجینئرنگ کمپنی کے جنرل منیجر لیو جیاڈنگ، جیانگ ژنہوا، یچینگ کیری سٹیل سٹرکچر کمپنی کے چیئرمین ژو چوان بن، یچینگ چانگڈا ووڈ انڈسٹری کے جنرل مینیجر اور ژو ہواؤ، یچینگ چانگڈا لکڑی کی صنعت کے ڈپٹی جنرل منیجر شامل تھے۔
جب کہ آئی سی سی آئی کے نمائندوں میں چوہدری محمد وسیم، فصیح اللہ خان، شاہد ظفر اور دیگر شامل تھے۔