سکھر (آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو خاندان کی عوامی خدمت کی میراث کو جاری رکھیں گے جو قوم کی سماجی و معاشی بہتری کے لئے وقف ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ضیا الدین ہسپتال سکھر کیمپس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے سکھر کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سکھر میں ضیا الدین ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، ڈاکٹر عاصم حسین، صوبائی وزرا، ایم این ایز، ایم پی ایز، ہسپتالوں کی انتظامیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے جدید ترین ہسپتال کے افتتاح کو سکھر اور اس کے گردونواح کے علاقوں کے لیے ایک انقلابی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عاصم حسین اور ضیا الدین ہسپتال انتظامیہ کو جدید ٹیکنالوجی اور انتہائی ہنر مند پیشہ ور افراد کی ٹیم سے لیس کرنے کی کوششوں پر سراہا۔
صدر مملکت نے ضیا الدین ہسپتال کو سکھر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے میں اپنی ذاتی شمولیت پر روشنی ڈالی اور پسماندہ علاقوں میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اس طرح کے اقدامات کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضیا الدین ہسپتال سکھر کیمپس میں یونیورسٹی کے قیام کے اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حیدرآباد میں ڈاکٹر ضیا الدین ہسپتال کے کیمپس کے قیام کے لئے اپنی ذاتی زمین بھی عطیہ کی ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ روہڑی کینال اپنے آغاز سے ہی تعمیر کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں سالانہ 15 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ کی تجارت سے حاصل ہونے والے فنڈز روہڑی کینال منصوبے کی لائننگ کے لئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ ہسپتال ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کے اہل خانہ کے عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ضیا الدین پاکستان کی آزادی سے قبل مرکزی قانون ساز اسمبلی کے رکن اور قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھی تھے اور اب ان کا خاندان ان کی وراثت کو آگے بڑھا رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے یونیورسٹی کیمپس کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جہاں میڈیکل کے طالب علم اعلی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو صحت کی اعلی ترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کو معیاری طبی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔