پشاور (آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنوبی وزیرستان اپر میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران گیارہ خوارج کے واصل جہنم ہونے پر سیکورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوارج کے حملوں کا منہ توڑ جواب دینے والے ہمارے عسکری جوان دفاع وطن کی پہلی صف میں کھڑے ہیں اور ان کی قربانیاں ہماری قومی سلامتی کی ضمانت ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس اور فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر فتنہ الخوارج کے خلاف مثالی جرات کا مظاہرہ کیا ہے، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر محاذ پر اپنے عسکری جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خوارج کو پاکستان میں لانے والا انتشاری ٹولہ آج بھی ملکی سالمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، لیکن ہماری سیکیورٹی فورسز اور محب وطن شہریوں نے ان تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور امن دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا۔