اسلام آباد (آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ممبر نیشنل ہائی ویز(نارتھ زون) خیبر پختونخوا امجد علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں خیبر پختونخوا میں این ایچ اے منصوبوں، روڈ انفرااسٹرکچر کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ممبر این ایچ اے نے صوبہ میں جاری منصوبوں کیلئے درکار فنڈز اور وفاق کیساتھ جڑے معاملات کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنیکی درخواست کی۔گورنر کو پشاور ڈی آئی خان موٹر وے، چکدرہ سے چترال روڈ، سوات ایکسپریس وے سمیت واخان کوریڈور، ڈی آئی خان سے کشمور روڈ پر کام کی رفتار سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔گورنر نے صوبہ میں سیاحت کی ترقی اور نقل و حرکت کو آسان بنانے کیلئے زمینی سفری سہولیات کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ممبر این ایچ اے کو پی ایس ڈی پی میں صوبہ کے روڈز انفرااسٹرکچر کے نئے منصوبے شامل کرنے سے متعلق تجاویز پیش کرنیکی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے انتہائی اہمیت کی حامل پشاور سے ڈی آئی خان مرکزی شاہراہ انڈس ہائی وے کی تعمیر نو منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ آبادی کے لحاظ سے صوبہ کے مرکزی شاہراہوں پر اقتصادی زونز قائم ہونے چاہئیں۔بہترین سفری سہولیات اور بہترین روڈ انفرااسٹرکچر سے امن، ترقی و خوشحالی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔گورنرنے کہاکہ آمدورفت، نقل و حرکت کو موثر بنانے والے ممالک نے دنیا میں نام پیدا کیا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کے متعدد مرکزی راستے عدم سہولیات کا شکار ہیں۔خیبر پختونخوا کی پسماندگی دور کرنے، دہشت گردی کے خاتمے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صوبہ بالخصوص جنوبی اضلاع کے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔