اسلام آباد(آئی ایم ایم) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) نے ezfile اور کمپنیز ریگولیشنز 2024 کے بارے میں ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس سیشن کا مقصد تاجر برادری کو نئے متعارف کرائے گئے فائلنگ سسٹم کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا ۔ سیشن میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اور دیگر کاروباری افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
اپنے خطبہ استقبالیہ میں ICCI کے قائم مقام صدر عبدالرحمان صدیقی نے SECP کو کاروباری آپریشنز کو جدید اور آسان بنانے کے لیے فعال اقدامات آٹھانے پر سراہا۔ انہوں نے کارپوریٹائزیشن کو فروغ دینے اور ای فائلنگ سسٹم متعارف کرانے میں ایس ای سی پی کے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا جس نے کاروبار میں آسانی کو بڑھایا ہے ا ور جو پاکستان میں اس نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے ۔ قائم مقام صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سیشن سے تاجر برادری کو فائدہ پہنچے گا اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید تجویز دی کہ ایس ای سی پی کاروباریوں کی زیادہ سہولت اور مدد کے لیے آئی سی سی آئی میں نادرا، آئیسکو، پولیس، ایف ٹی او اور ٹی ڈی اے پی کی طرز پر ایک مخصوص ڈیسک قائم کرنے پر غور کرے۔ایس ای سی پی کے رجسٹرار سعید اللہ خان نے کہا کہ یہ سیشن کاروباری آپریشنز کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے اور کاروباری اداروں کو نئے ضوابط کی مؤثر طریقے سے تعمیل کرنے کے لیے ضروری ٹولز فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹائزیشن اور ای فائلنگ کی طرف اقدامات شفاف اور موثر کاروباری ماحول کو فروغ دینے کی کلید ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ اصلاحات پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، گورننس کو بہتر بنانے اور پاکستان کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنانے کے لیے اہم ہیں۔ خان نے وضاحت کی کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد انسانی مداخلت کو کم کرنا اور غیر رسمی معیشت کو باقاعدہ بنانا ہے۔
ایس ای سی پی کے ایڈیشنل رجسٹرار لائسنسنگ اینڈ رجسٹریشن ڈویژن عامر سلیم نے LEAP کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ LEAP کا مقصد تنظیمی کارکردگی کو بڑھانا، کاروباری کارکردگی کو بہتر بنانا اور رجسٹریشن کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر کے شفافیت میں اضافہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کیا کہ eZfile میں کمیونیکیشن ٹولز بھی شامل ہوں گے، جیسے الرٹس، نوٹیفیکیشنز اور اعلانات، جو صارفین کو کارپوریٹ رجسٹری کے معاملات سے آگاہ کرتے ہیں۔
آئی سی سی آئی کے صدر کے خصوصی مشیر، نعیم صدیقی نے سیشن کو موڈریٹ کیا اور کاروباری برادری کو اس سلسلے میں پیش آنے والے اہم چیلنجوں کا ذکر کیا جیسے محدود ڈیجیٹل خواندگی، ٹیکنالوجی تک محدود رسائی، اور ریگولیٹری جانچ کے بارے میں خدشات۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایس ای سی پی کاروباری اداروں کو آگاہ کرنے اور ان خدشات کو دور کرنے کے لیے مزید سیشنز منعقد کرے۔
سیشن میں آئی سی سی آئی کے سینئر ممبران نے بھی شرکت کی جن میں قائم مقام سینئر نائب صدر ناصر محمود چوہدری، قائم مقام نائب صدر محمد وسیم، ایگزیکٹو ممبران نعیم ستی، عتیق الرحمان، اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، چوہدری محمد عرفان، اور ملک محسن خالد شامل تھے۔