اسلام آباد(آئی ایم ایم) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعرات کے روز آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام آذربائیجان کے عوام کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان محبت، اخوت اور بھائی چارے کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سفارت خانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔