اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفیٹریا کا دورہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دورے کے دوران کیفیٹریا میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کیفیٹریا میں موجود اراکین پارلیمان اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی۔
بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس کی بلڈنگ کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور مرمتی کاموں، صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سی ڈی اے حکام کو صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے مرمتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں مرمتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والے پیسے کو کفایت شعاری اور انتہائی ضرورت کے تحت استعمال میں لایا جائے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین، ایڈوائزر قانون سازی/اسپیشل سیکرٹری محمد مشتاق، اسپیشل سیکرٹری برائے خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی، سیکرٹری ٹو اسپیکر قومی اسمبلی/ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سعید احمد میتلا، قومی اسمبلی اور سی ڈی اے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔