پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز حکومت بلوچستان کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی دوائیاں انجمن ہلال احمرضم اضلاع و خیبرپختونخوا کے حوالے کردیں۔ اس حوالے سے گورنرہاوس پشاور میں ایک تقریب منعقدہوئی۔ تقریب میں انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب اورکزئی، وائس چیئرمین فرزندوزیر، انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کے چیئرمین عمران وزیرایڈوکیٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،سابق رکن قومی اسمبلی ساجدحسین طوری اور فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر شاہد شنواری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر شاہد شنواری کی جانب سے بھی کرم کے متاثرین کیلئے 200 عدد کمبل انجمن ہلال احمر کے حوالے کئے گئے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ چیئرمین پی پی پی بلال بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے بھی ضلع کرم کیلئے 2 کروڑروپے بھجوائے ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور وزیرعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام صوبوں کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔ گورنر نے اس تعاون کو بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت کرنے کا جذبہ قابل ستائش ہے۔
گورنرنے امن معاہدے کے حوالے سے کہاکہ ضلع کرم میں امن معاہدہ کیلئے کردار ادا کرنے والے ہر شخص کوخراج تحسین پیش کرتاہوں اور امید کرتاہوں کہ اس امن معاہدے پر عملدرآمد کیاجائیگا۔ امن وامان اور تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، امن معاہدے میں ریاست اور فریقین کی جانب سے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کیلئے ملک دشمن عناصر سرگرم عمل ہیں،اتحاد اوریکجہتی سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ کرم میں امن کیلئے اقدامات پہلے سے اٹھائے جاتے توآج ان کا حالات کا سامنانہیں کرناپڑتا۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ کرم کے شہداء کے لواحقین کے لئے 1، 1کروڑروپے امدادکا اعلان کیاجائے اورکہاکہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ کرم میں بحالی کے کاموں بھی حصہ لیں۔
پشاور میں حق کیلئے نکلنے والے بلدیاتی نمائندوں پر آنسوگیس شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پرامن احتجاج سب کا جمہوری حق ہے،حکومت کو بلدیاتی نمائندوں کو ان کے اختیارات اورفنڈز دینے ہوں گے۔گورنرنے اس موقع پر گورنرہاوس میں بہت جلدصوبے کے بلدیاتی نمائندوں کا کنونشن منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ وہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ان کے حق کیلئے کھڑے رہیں گے۔ گورنرنے کہاکہ صوبے کے حقوق کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلائی اور اس میں دوکمیٹیاں بنائی گئی تھی جوصدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمدشہبازشریف سے ملاقات کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ صوبے کا مقدمہ اسلام آباد میں دلائل اوردلیل کے ساتھ لڑیں گے۔گورنرنے اس موقع کرم میں کشیدہ حالات کے دوران انسانیت کے جذبے سے سرشارانجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا اورضم اضلاع کی قیادت اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔انہوں نے کہاکہ انجمن ہلال احمر کی جانب سے کرم کے آئی ڈی پیز کو خوراک،کمبل اوردیگرضروری سامان فراہم کیاجارہاہے۔