اسلام آباد (آئی ایم ایم)ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ نے پاکستان کی جانب سے معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے شروع کیے گئے پروگرام ”اڑان پاکستان” کوجمعرات کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال سے ملاقات کے دوران سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سفیر نے وزیر کو ایتھوپیا میں پراسپیریٹی پارٹی کی جانب سے لائی گئی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا کی “ہوم گراؤنڈ اکنامک ریفارمز” بھی ان اصلاحات کا نتیجہ ہیں جن کا مقصد ملکی پیداوار میں اضافہ کرنا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔سفیر نےوفاقی وزیر کو مئی 2025 میں ایتھوپیا کے دارالحکومت، آدیس ابابا میں پاکستان کی جانب سے ہونے والی “سنگل کنٹری ایگزیبیشن ” میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیر نے کہا اسلامی جمہوریہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔
انہوں نےکہا دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں.وزیر نےکہا کے ایتھوپیا کا شمارافریقہ کی کامیاب معشیتوں میں ہوتا ہے جس نے کثیر جہتی اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔