اسلام آباد(آئی ایم ایم)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین سے میڈیکل انٹرنس ٹیسٹ کے امیدواران کے وفد کی ملاقات، وفد میں کرامت احمد میاں، محمد انس، اویس، ارسلان اور محمد شہباز سمیت دیگر شریک تھے۔ وفد نے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کو حالیہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج بارے تحفظات سے آگاہ کیا۔ صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں صوبائی نائب صدر شاہی خان شیرانی، جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، مرکزی سالار ملک فقیر علی اور صوبائی سالار شاکراللہ شینواری شامل تھے۔
میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی شفافیت پر سوالات قابل تشویش ہیں۔اس طرح کے پروفیشنل امتحانات میں غیر شفافیت طلباء و طالبات کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہیں۔ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعدامیدوارواں کو 13 اضافی گریس مارکس دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔گریس مارکس دینے سے پختونخوا کے طلباء و طالبات میں احساس محرومی مزید بڑھ گئی ہے۔اضافی مارکس دینے سے پختونخوا میں پہلے سے کامیاب امیدواروں کی حق تلفی ہوئی ہے۔
دوبارہ ٹیسٹ کے انعقاد اور گریس مارکس سے پختونخوا کے 275 کے قریب طلباء و طالبات میرٹ سے نکل گئے ہیں۔اگر گریس مارکس دینے ہی ہیں تو خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زيراہتمام ٹیسٹ کے امیدواران کو بھی یہ رعایت دی جائے۔مخصوص لوگوں کو نوازنے کیلئے ایک ہی ملک میں دو الگ قسم کے قانون قبول نہیں مطالبہ کرتے ہیں کہ میڈیکل انٹرنس ٹیسٹ کے تمام امیدواروں کے ساتھ برابری کا برتاؤ کیا جائے۔پی ایم ڈی سی پختونخوا کے طلباء و طالبات کے تحفظات کو سنے اور حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔