پشاور(آئی ایم ایم)رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا سید محمد عبدالخبیر آذاد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ لندن سے تعلق رکھنی والی پاکستانی نژاد بزنس کمیونٹی کے راہنماء بھی انکے ہمراہ تھے ملاقات کے دوران مختلف قومی و مذہبی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں خاص طور پر پیغام پاکستان فتاوی جات کی اہمیت اور اس کے عملی نفاذ پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں ملک میں اتحاد، ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے پیغام پاکستان کے تحت جاری کردہ فتاوی جات کو قومی یکجہتی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا اور ان کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی پیغام پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فتاوی جات امن و امان کے قیام اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو عوام کے لیئے اوپن کیا گیا ہے تاکہ جس حد تک ممکن ہو عوامی مسائل کا ازالہ کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ بین المذاہب اور بین المسالک رواداری کے فروغ کے لیئے گورنر ہاؤس عملی اقدامات اٹھارہا ہے انہوں نے کہا کہ جلد ہی گورنر ہاؤس میں کل پاکستان مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علماء اور مذہبی رہنما اس پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے گورنر ہاؤس میں پبلک ڈے کے انعقاد پر گورنر خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ خلیفہ المسلمین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنی خلافت میں عوام کے لیئے کھلی کچہریوں کی بنیاد ڈالی انہوں نے گورنر ہاؤس میں بین المسالک کے حوالہ سے ہونے والے عملی اقدامات کو بھی سراہا انہوں نے کہ جلد ہی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے گورنر ہاؤس پشاور میں مذہبی رواداری کے فروغ کے حوالہ سے بین المسالک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ، انہوں نے پاکستان اور عالم اسلام کے لیئے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مولانا سید محمد عبدالخبیر آذاد کی ملی و مذہبی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی شیلڈ اور تحائف بھی دئیے.