گوجرانوالہ(آئی ایم ایم) حضور نبی اکرم ۖ کی محبت امت کا مشترکہ اثاثہ ہے، رسول اللہ ۖ کی محبت مسلمان کی متاع حیات اور ایمان کی ا ساس ہے۔ نبی کریم ۖ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہوکر ہی دنیا وآخرت میں کامیابی سمیٹی جاسکتی ہے، ہمارے مسائل کا حل قرآن وسنت کے مطابق زندگی گزارنے میں مضمر ہے ہم نے اسوہ رسول کو ترک کرکے معاشرے کو جہنم بنادیا ہے سیرت رسول صل اللہ علیہ وسلم پر عمل کرکے ہم اپنی دنیا وآخرت سنوار سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مولانا نعیم الرحمن شیخوپوری ،حافظ عدیل احمد گرجاکھی،جمعیت اہلحدیث سٹی کے صدر مولانا محمد عارف اثری نے جامع مسجد صدیق اہلحدیث محلہ اسلام پورہ میاں سانسی روڈ میں چوتھی سالانہ محبت رسول ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس سے چیف آرگنائزر شیخ الحدیث عبدالسلام زاہد، ناظم مالیات عتیق الرحمن خلیق، ناظم تبلیغ مولانا ناصر محمود سلفی چیئرمین امن کمیٹی حاجی محمد یوسف کھوکھر، حافظ عثمان اسحاق، مولانا فاروق عاصم، حافظ معظم عارف اثری ،حافظ حبیب الرحمن سلفی،حافظ عادل نفیس ہزاروی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ رسول اللہ ۖ کی محبت مسلمان کی متاع حیات اور ایمان کی ا ساس ہے۔ رسول اللہ کے غلام اپنی زندگیاں،اپنے مال،اپنی اولاد،اپنے والدین قربان کرکے بھی رسول اللہ ۖ کی ناموس کا دفاع کریں گے۔کانفرنس میں مولانا عبدالوحید کیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.