پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت سرحد رورل سپورٹ پروگرام(SRSP) کااجلاس بدھ کے روز گورنر ہاؤس میں منعقدہوا۔اجلاس میں سی ای او مسعود الملک نے گورنر خیبر پختونخوا کو صوبہ کے 27 اضلاع میں جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔گورنر کو ادارے کے زیر اہتمام ڈی آئی خان، ٹانک سمیت دیگر اضلاع میں واٹر سپلائی، حفظان صحت کے منصوبوں، بجلی و سولر، اسکلڈ ٹریننگ پروگراموں سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں۔ڈی آئی خان اور ٹانک کی 9 یونین کونسلز میں سیلاب کے بعد بحالی و ترقیاتی پروگراموں، انفراسٹرکچر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ادارہ کیجانب سے ضلع ٹانک اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں صاف پینے کے پانی کے منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا اورکہاکہ تمام اضلاع میں علاقائی ضروریات کے مطابق ڈونرز اداروں کی توجہ مبذول کرانی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ عوامی و علاقائی ضروریات کے مطابق منصوبوں میں شفافیت بھی یقینی بنائی جانی چاہئے۔