اسلام آباد(آئی ایم ایم)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جسمانی و ذہنی صحت کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہے۔صحت مند قوم ہی ایک مضبوط معیشت اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے۔ ہمیں اپنی روزمرہ کی زندگی میں ورزش، متوازن غذا اور مثبت رویے کو شامل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی نے بطورِ مہمان خصوصی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے زیر اہتمام اسلام آباد پولیس لائنز میں منعقدہ ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں پولیس فورس، خاص طور پر شہداء کے اہل خانہ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے ایف پی سی سی آئی کے اس اہم اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پولیس فورس کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا، “ہماری پولیس فورس کا شکریہ ادا کرنا ہماری ذمہ داری ہے، کیونکہ وہ ہماری حفاظت اور امن و امان کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔”
شہداء کے اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا، “پوری قوم، پارلیمنٹ اور حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ آپ کا نقصان ہمارا اجتماعی نقصان ہے، لیکن ہم اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ آپ کے پیاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔”
چیئرمین سینیٹ نے نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ صحت کے فروغ میں زیادہ فعال کردار ادا کرے انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اسکولوں کے نصاب میں جسمانی تعلیم کے شامل کرنے اور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی سفارش کی تاکہ جسمانی سرگرمیوں کے فوائد سے آگاہی حاصل ہو سکے۔تقریب میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں ورزش، صحت سے متعلق آگاہی، اور فلاح و بہبود کے پروگرام شامل تھے، جن کا مقصد صحت اور تندرستی کو فروغ دینا تھا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے صحت عامہ کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا کے حوالے سے منعقدہ تقریب مستقبل میں مثبت اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، سفارت کار اور کمیونٹی رہنما بھی شامل تھے۔