اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر جنوبی سوڈان کی قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ناتھانیئل اوئیت پیرینو کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کل اپنے تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
جنوبی سوڈان کا پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران اہم ملاقاتیں کرے گا، جن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ، اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، جنوبی سوڈان کا پارلیمانی وفد پاکستان کی اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور سرکاری سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
وفد کے اراکین پاکستان کی ثقافت اور تاریخ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اپنے قیام کے دوران وہ پاکستان کے مختلف ثقافتی و تاریخی مقامات کا بھی دورہ کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوں گے۔
پاکستان اور جنوبی سوڈان کے مابین یہ اعلیٰ سطحی پارلیمانی رابطے نہ صرف پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دیں گے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔