اسلام آباد (آئی ایم ایم) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میڈیا اور معاشرے میں مثبت روابط اور فلاح و بہبود کے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے پارلیمنٹ، حکومت اور میڈیا کے درمیان شراکت داری بہت ضروری ہے۔ چیئرمین سینیٹ پیر کو اسلام آباد میں 10 ویں سالانہ میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کی معاونت قابل ذکر ہے کیونکہ اس پورے عمل سے ایک باہمی تعاون اور صحت مندانہ ماحول کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششیں دیکھنے کو ملی۔ انھوں نے کہا کہ ایک ساتھ مل کر، ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو ترقی کی منازل طے کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے۔ انہوں نے میڈیا کرکٹ لیگ کے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جنگ میڈیا گروپ کو گزشتہ ایک دہائی سے کامیابی کے ساتھ اس فلیگ شپ ایونٹ کے انعقاد پر سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں میڈیا پرسنز اور سٹاف کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے میڈیا نہ صرف اپنی صفوں میں ٹیم ورک اور اسپورٹس مین شپ کے جذبے کو فروغ دیتا ہے، بلکہ معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال بھی قائم کرتا ہے۔اس موقع پر سینیٹر سرمد علی بھی موجود تھے۔