اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت امریکی عوام کے ساتھ قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہاں ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی مدبرانہ قیادت میں امریکہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔