اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سائفر گمشدگی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آئندہ منگل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین سفارتی سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے اسلام آباد جوڈیشل کمپلکس میں کی۔اس موقع پر وکلاء علی بخاری، تیمورملک اورخالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے،جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کے استفسار پرعدالتی عملے نے ہائی کورٹ کی کاپی عدالت کو فراہم کردی۔
سائفر کیس کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا، آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج نے حکم جاری کر دیا۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کا جیل ٹرائل اور 29 اگست کے بعد کی عدالتی کارروائی کالعدم قرار دی تھی۔
مزید پڑھیں: سائفرکیس کا ٹرائل کالعدم ہونے پر آپ کا نقصان ہوا ہے: جسٹس طارق کا عمران کے وکیل سے مکالمہ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف جیل ٹرائیل سے متعلق 29 اگست ، 12ستمبر، 25ستمبر ، تین اکتوبر اور 13 اکتوبر کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حثیت نہیں ہے اور ان کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔