اسلام آباد(نیوزڈیسک)ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولیوں اورجمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، کاغذات نامزدگی کے اجراء کا عمل شروع ہوتے ہی انتخابی گہماگہمی میں بھی تیزی آگئی ہے۔
نواز شریف اور شہباز شریف کے نامزدگی فارم حاصل کرلیے گئے
ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے میاں نواز شریف کیلئے این اے 15 مانسہرہ کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔ نواز شریف لاہور کے این اے 130 سے بھی الیکشن لڑیں گے۔
شہباز شریف کیلئے کراچی کے حلقہ این اے 242، لاہور کے این اے 123 اور صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے گئے۔
مریم نواز این اے 119 اور اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کیلئے بھی انتخابات لڑیں گی۔
مریم نواز دو صوبائی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گی جبکہ حمزہ شہباز این اے 118 سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
پی پی کو چیئرمین اور چیئرمین کے نامزدگی فارم بھی حاصل کرلیے گئے
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے این اے 207 نواب شاہ سے انتخابی فارم وصول کیے گئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کیے، بلاول بھٹو کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے ان کی جگہ کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔
پیپلز پارٹی سے ہی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے این اے 148 ملتان سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، تینوں حلقوں میں اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی پر دستخط کروائیں گے، مجھے جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی، خدشہ ہے اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہوجائیں گے اور ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں۔
آئی پی پی کے سربراہ سمیت دیگر رہنماؤں نے نامزدگی فارم حاصل کیے
سربراہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین نے این اے 155، پی پی 227 اور پی پی 228 سے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے۔
جہانگیر ترین کی صاحبزادی مہرخان ترین نے بھی قومی سیاست میں قدم رکھ لیا اورمہر خان ترین کی جانب سے این اے 155 کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے۔ مہر خان ترین کی جانب سے پی پی 227 سے بھی کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے۔
آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے این اے 119 لاہور کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے، وہ لاہور ہی سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 149 سے بھی امیدوار ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما ہمایوں اختر خان نے فیصل آباد کے حلقہ این اے 97 تاندلیاں والا سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
کراچی سے ایم کیو ایم اور پی ایم ایل این نے کاغذات نامزدگی وصول کیے
کراچی کے سات اضلاع میں بھی عام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلی کی 47 نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی وصولیوں اور جمع کروانے کا سلسلہ صبح سے شام تک جاری رہا۔
کراچی کے ضلع کیماڑی کے حلقہ این اے 242 میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار مصطفیٰ کمال اور حلقہ این اے 243 سے ہمایوں عثمان نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
مسلم لیگ ن کیماڑی کے صدر صالحین تنولی نے شہباز شریف کیلئے حلقہ این اے 242 کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔
بلوچستان میں بھی انتخابی گہماگہمی شروع ہوگئی:8 فروری کے عام انتخابات کیلئے بلوچستان بھر میں بھی کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولیوں کا مرحلہ جاری ہے۔
صوبے میں امیدواروں کے کاغذات کی فراہمی یا وصولی کیلئے 67 ریٹرننگ افسران اور 102 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں کیلئے 12 آراوز جبکہ 18 اسسٹنٹ آراوز مقررکئے گئے ہیں۔
کاغذات کی وصولی کے پہلے روز کوئٹہ میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں 50 سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی وصول کئے جبکہ صوبائی اسمبلی کے 9 حلقوں کیلئے 100 سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں۔
ملک بھرمیں چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں اورآزادامیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولیوں اورجمع کروانے کا سلسلہ 22 دسمبر تک جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ سندھ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے سیاسی جماعتوں کی ترجیحی لسٹ بھی 22 دسمبر تک صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کروائی جا سکتی ہے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں صوبائی سطح پر خواتین کی 29 اور اقلیتوں کی 9 نشستوں جبکہ قومی اسمبلی میں خواتین کی 14 نشستوں کیلئے بھی کاغذات نامزدگی صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے پاس جمع کروانے کا سلسلہ 22 دسمبر تک جاری رہے گا۔
مزیدپڑھیں: الیکشن اب رکیں گے نہیں مارچ سے پہلے ہوں گے، آرمی چیف