اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور وصول کرنے کا عمل آج تیسرے روز بھی جاری رہا۔
قومی اسمبلی کی مخصوص نشت کے لیے زرتاج گل نے پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے وکیل آفتاب باجوہ کے وساطت سے کاغزات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عبدالعلیم خان نے پی پی149 اور این اے 119 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی نے پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ایڈووکیٹ عزیر شیخ اور احمد رضا نے کاغذات نامزدگی جمع کرایے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر نے شعیب صدیقی کو کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کےلیے27 دسمبر کو طلب کرلیا ،علیم خان کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی بھی 27 دسمبر کو ہوگی
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سطبین خان نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں، سطبین خان پی پی 88سے اپنے کاغذات جلد جمع کروائیں گے،
مسلم لیگ ن کے رہنما عابد خان نے این اے 117 اور پی پی 145 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: این اے 89 میانوالی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع
مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے نئے شیڈول کے مطابق امیدوار 24 دسمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔