لاہور(نیوزڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی کی 6 جائیدادیں اور 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے، مونس الٰہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔
مونس الٰہی کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سےزائدرقم آئی جبکہ ایف آ ئی اے کی جانب سےمونس الٰہی کی 6 جائیدادیں بھی منجمد کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے نے عدالتی احکامات پر مونس الٰہی کے خلاف کارروائی کی اور مونس الٰہی کی قصورمیں 5 ،راولپنڈی میں ایک جائیدادمنجمد کردی۔
عدالت نے مونس الٰہی کےاثاثے اور اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا ، ایف آئی اے کے مطابق جائیدادیں منی لانڈرنگ سے بنائی گئی ہیں۔
یاد رہے لاہور کی اسپیشل سینٹرل کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ان کے تمام اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ مونس الہٰی اپنی اسپین والی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔ لندن میں ان کی رہائش گاہ پر وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ ابھی آنی ہے تاہم اب تک پیش کردہ رپورٹ سے مطمئن ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی جان بوجھ کر گرفتار سے چھپ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرروتبادلے