اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے انکشاف کیا ہےکہ عمران حکومت میں پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے اتحاد کے لیے 6 وزارتوں کی پیش کش کی گئی تھی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں آصف زرداری نے بتایا کہ عمران حکومت مائنس زرداری پیپلز پارٹی چاہتی تھی، انہیں ملک سے باہر جانےکا کہا گیا اور کہا گیا کہ باقی پیپلز پارٹی 6 وزارتوں کے بدلے پی ٹی آئی سے مل کر الیکشن لڑے۔
آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد درست فیصلہ تھا، عمران خان کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا تھا، عمران خان ملکی معیشت کے دشمن تھے۔
مزید پڑھیں: مشن پنجاب! آصف علی زرداری کی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں
سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او الیکشن کروا کے 2028 تک حکومت بنالیتے ، پھر ایک کلو دودھ کے لیے ٹرک بھر کر پیسے لے جانے پڑتے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہےکہ اگلے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، اسی لیے ان کی جماعت ایکشن میں ہے۔