تاحیات نااہلی کا سپریم کورٹ کا فیصلہ برقرار رہے گا یا پارلیمنٹ کی قانون سازی؟ اس حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 62 ون ایف کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت شروع ہو گئی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لاجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔
لارجر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ کا حصہ ہیں۔
سپریم کورٹ نے میر بادشاہ قیصرانی کی جعلی ڈگری پر تاحیات نا اہلی کیس میں نوٹس لیا ہے۔
سپریم کورٹ نے11 دسمبر کو نا اہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا تھا۔
عدالتِ عظمیٰ نے کیس کے زیرِ التوا ہونے کو الیکشن میں تاخیر کے لیے استعمال نہ کرنے کا حکم دیا تھا ۔
سپریم کورٹ نے تا حیات نا اہلی کے معاملے پر عدالتی فیصلے اور الیکشن ایکٹ کی ترمیم میں تضاد پر نوٹس لیا تھا ۔
عدالتِ عظمیٰ نے اٹارنی جنرل اور تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔