اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اپیل واپس لینے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جسے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق عمران خان کی اپیل واپس لینے کی درخواست پر آج سماعت کریں گے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 18 جنوری کو اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کی، 13 ستمبر کو عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تاہم دو ماہ 10 دن سے فیصلہ نہیں آیا، لہٰذا عدالت جلد فیصلہ سنائے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے 21 اکتوبر 2022ء کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بعد میں اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔
مزید پڑھیں: سائفر کیس جیل سےباہر منتقل،عمران کو آئندہ منگل عدالت میں پیش کرنےکاحکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 13 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔