لاہور: چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سینٹ میں الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوں گے ۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں ذولفقار بھٹو کی یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باشعور ہیں، پاکستان کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے، خواتین کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ملک کو کیا مسائل درپیش ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے کمزور اور پسماندہ طبقوں کے لیے آواز بلند کی، خواتین پیپلز پارٹی کی سفیر بن کر گھر گھر انتخابی مہم چلائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار میں آئے تو عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے، پیپلز پارٹی نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، بچوں کو تعلیم دلوانا اور روزگار کا حصول مشکل ہوگیا، صرف پیپلزپارٹی ہی غریب عوام کی نمائندگی کرتی ہے، دیگر جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: انتخابات 2024: بلاول بھٹو مختلف شہروں میں 30 سے زائد جلسے کریں گے
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم حکومت بناکرغریب خاندانوں کوسہولت دیں گے، زرداری دور میں غریب خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ دیا، ہم اقتدار میں آکر کسانوں اور مزدوروں کو بھی کارڈز دیں گے، میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں ملک میں بھوک مٹاؤ پروگرام لانا چاہتا ہوں، غریب بچوں کے لیے مفت معیاری تعلیم چاہتا ہوں۔