اسلام آباد: سینیٹ سیکرٹریٹ نے الیکشن کے التوا سے متعلق قرارداد کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پاکستان کے ایوان بالا سے پاس قرارداد کی منظوری کی کاپی صدر مملکت، نگران وزیراعظم، الیکشن کمیشن، وزارت قانون و انصاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے وزارت پارلیمانی امور کو فوری کارروائی کرکے 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ ملکی صورت حال کے پیش نظر الیکشن شیڈول کو فوری تبدیل کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایوان بالا (سینیٹ) نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی تھی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے، خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان نے الیکشن التوا کی قرارداد پیش کی، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) ارکان اور فاٹا سے رکن ہدایت اللہ نے قرارداد کی حمایت کی۔
مزید پڑھیں: دوسری جماعتیں، روئیں یا چیخیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے: ترجمان (ن) لیگ
پی ٹی آئی کے سینیٹرگردیپ سنگھ اور پیپلزپارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی نے خاموشی اختیار کی جبکہ ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی۔