لاہور، اسلام آباد(عامر رفیق بٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی اپنے لیڈروں کو جیل سے بچانے کے لیے الیکشن لڑرہی ہیں، پیپلزپارٹی عوام کے مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑرہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ کئی دنوں سے لاہور میں گھوم رہا ہوں، مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے مسائل سنے، لاہور میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، اقتدار میں آنے والےعوام کے مسائل پر توجہ نہیں دیتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہمارے 10 نکات پرعمل کرکے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔
انتخابات کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، چیف جسٹس کہہ چکے کہ الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، چیف جسٹس کہہ چکے 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہیں، قدم بڑھائیں قاضی صاحب ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام ہمارا ساتھ دیں، 8 فروری کو ہم جیتیں گے، او آئی سی اور یو این سے بھی قرارداد منظور کروالیں، الیکشن وقت پر ہوں گے، 2013 میں اب سے زیادہ امیدوار نااہل کیے گئے تھے، ماضی میں مختلف جماعتیں مسلط کی گئیں۔
مزید پڑھیں: الیکشن ہوں گے ، بلاول بھٹو نے سینیٹ قرارداد مستردکردی
سابق وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بے نظیر بھٹو نے منشور دیا اور ہم نے منشور پرعمل کیا، ہم نے بی بی شہید کے کیے وعدے پورے کیے، ہم نے سندھ کے سیلاب متاثرین سے کیے وعدے پورے کیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی اپنے لیڈروں کو جیل سے بچانے کے لیے الیکشن لڑرہی ہیں، پیپلزپارٹی عوام کے مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑرہی ہے۔