لاہور، اسلام آباد(عامررفیق بٹ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حلقہ NA-127 لاہور میں پیکو روڈ کوٹ لکھپت، ٹاﺅن شپ اور جنرل ہسپتال میٹرو چوک پر اتوار کے روز کارن میٹنگ سے خطاب کئے۔ اپنے خطابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں جیالوں کے درمیان بہت خوشی ہو رہی ہے۔ جیالوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ میرے نمائندے اور سفیر بن کر میرا اور پارٹی کا پیغام ہر گھر میں پہنچائیں۔ انہوںنے کہا کہ لاہور یہ شہر کسی بزنس مین، تاجر یا کسی کھلاڑی کا شہر نہیں ہے۔ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور جیالوں کو شہید کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہمیں ڈرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسی شہر سے انتخاب لڑ رہا ہوں جہاں سے شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انتخابات لڑے تھے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ یہ ہم سے پوچھتے ہیں کہ ہم لاہور کیوں آئے ہیں؟ ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ لاہور پر کیوں مسلط ہوئے تھے؟ انہیں لاہور اور پنجاب پر جنرل ضیاالحق، جنرل حمید گل اور جنرل فیض نے مسلط کیا تھا۔ ہم اس شہر میں جیالوں کی وجہ سے سیاست کر رہے ہیں۔ ہم سیاست غریب عوام ، مزدوروں اور سفید پوش طبقے کے لئے کرتے ہیں۔ ہم سیاست اس شہر کے محنت کشوں کے لئے کرتے ہیں اس لئے ہم عوام سے حمایت چاہتے ہیں اور ہم صرف عوام پر یقین رکھتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں سے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا دس نکاتی معاشی ایجنڈا عوام تک پہنچائیں۔ انشااللہ ہم اس ایجنڈے کے ہر نکتے پر عمل کریں گے۔ ہم حکومت میں آنے کے بعد پانچ سالوں میں تنخواہیں دوگنی کر دیں گے، غریب عوام کو 300یونٹ تک بجلی مفت مہیا کریں گے۔ ہم عوام کو معیاری تعلیم اور معیاری صحت کی سہولیات مہیا کریں گے تاکہ وہ لوگ جو علاج کرانے لندن بھاگ جاتے ہیں ان کا بین الاقوامی معیار کا علاج یہیں ہو جائے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پانچ مرلہ سکیم اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سات مرلہ سکیم متعارف کرائی تھی اور جب وہ حکومت میں آئیں گے تو عوام کو 30لاکھ پکے گھر بنا کر دیں گے جن کی ملکیت خاتون خانہ کو دی جائے گئی۔ اس کے علاوہ ہم ملک بھر کی کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے۔ ہم بینظیر انکم پروگرام کو سعت دیں گے اور مزدور کارڈ، کسان کارڈ اور یوتھ دیں گے۔ ہم ایک بھوک مٹاﺅں پروگرام بھی شروع کریں گے جس کے لئے پارٹی کے پاس یونین کونسل کی سطح تک پروگرام موجود ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم الیکن لڑیں گے اور مخالفین کو ان کے گھر آکر انہیں شکست دیں گے۔ یہ روایتی سیاستدان ہیں جو نفرت، تقسیم اور انتقام کی سیاست کرتے ہیں اور یہ اشرافیہ کے نمائندے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پسماندہ لوگوں کی ترجمانی کرتی ہے۔ ہم اس ملک کی قسمت بدل دیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی روایتی سیاست کا متبادل ہے اور اس کی قیادت نوجوان ہے۔ آپ لوگوں میری ترجمانی کرتے ہوئے انتخابات لڑیں گے۔ انشااللہ آپ فتحمند ہوں گے، تیرکی جیت ہوگی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جیت ہوگی، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جیت ہوگی، عوام کی جیت ہوگی، آپ کی جیت ہوگی اور لاہور کے لوگوں کی جیت ہوگی۔
مزید پڑھیں: ن لیگ اور پی ٹی آئی اپنے لیڈروں کو جیل سے بچانے کیلئے الیکشن لڑرہی ہیں، بلاول