جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دورہ افغانستان میں افغان نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر سے ملاقات کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ افغان حکومت کی دعوت پر کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغانستان کی اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کی۔
جے یو آئی سربراہ نے افغانستان کے نائب وزیراعظم مولانا عبدالکبیر سے ملاقات کی جس میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر متقی، مولوی عبد الطیف منصور اور دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں افغانستان میں پاکستانی مشن سربراہ عبیدالرحمان نظامانی بھی شریک ہوئے۔
جمعیت علمائے اسلام کے اعلامیے کے مطابق مولوی عبدالکبیر نے مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کا کابل آمد پر خیرمقدم کی۔ افغان وزیر خارجہ نے افغانستان کی اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر وفد کو بریفنگ دی جبکہ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور مسائل کے حل پر زور دیا۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے گفتگو میں کہا کہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، دونوں ملکوں کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بات کرنی چاہیے، افغان مہاجرین کوپاکستان سےواپس بھیجنےکےفیصلےکی حمایت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مفادات مشترک ہیں، ہمارا مقصد موجودہ تعلقات کو دونوں ممالک کی مشترکات میں استعمال کرنا ہے۔
افغان نائب وزیراعظم مولانا عبدالکبیر کا کہنا تھاکہ امید ہے آپ کا دورہ کابل دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور غلط فہمیاں دور کرنے میں معاون ہوگا، افغان مہاجرین سے حسن سلوک اور افغانوں کی مدد پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، امارت اسلامیہ پاکستان سے باہمی احترام کی بنیاد پر اچھے تعلقات چاہتی ہے۔
مولوی عبدالکبیر کا کہنا تھاکہ میڈیا کے دعوؤں اور پروپیگنڈے کے بجائے حقائق پر بات کرنا بہتر ہے، افغان مہاجرین کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ مولوی امیر متقی کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کا دورہ افغانستان امن اور معیشت کے حوالے سے دونوں ممالک کے عوام کیلئے سود مند ثابت ہوگا۔