کوئٹہ: بلوچستان کی نگران حکومت نے عام انتخابات کیلئے صوبے کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور حساس علاقوں میں پولیس اور لیویز کی مدد کیلئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پرامن انتخابات کے انعقاد لیے ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں نگران وزیر اعلیٰ علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں پرامن، صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر بحالی امن کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں پر امن اور صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کے پیش رفت کا مستقل جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے حوالے سے بلوچستان کے 18 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، عام انتخابات 2024 کے لیے بلوچستان میں 5067 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے جس میں 2055 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ، 2180 حساس جب کہ 832 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔
آئی جی بلوچستان نے اجلاس میں بتایا کہ صوبے میں امیدواروں، انتخابی مہم اور انتخابی عملے کی سکیورٹی کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔