راولپنڈی: آرمی چیف جنر ل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منصوبہ نوجوانوں اور آئندہ نسلوں کیلئے بےپناہ فوائد کاباعث بنے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) سلیکون کے دوسرے چیپٹر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آرمی چیف نے این اے ایس ٹی پی کو قومی اور اسٹریٹجک اہمیت کا منصوبہ قرار دیا جس سے ملک کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ یہ تکنیکی ترقی کو فروغ دے گا اور قوم کے لئے ایک پلیٹ فارم پیش کرکے خود انحصاری کو فروغ دے گا۔
آرمی چیف نے این اے ایس ٹی پی سلیکون کا ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر پاک فضائیہ، اس کی قیادت اور ہنر مند اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔
بعد ازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا بھی دورہ کیا۔ کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کو خوش آمدید کہا اور انہیں آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور اور فوجیوں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا۔