پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے آغاز پر نواز شریف نےمجھے اوکاڑہ بھیجا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اوکاڑہ سے پیارکرتےہیں، اوکاڑہ والے خراب سیاسی موسم میں بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) اور اوکاڑہ کا رشتہ ہمیشہ سے ہے اور رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ آج اللہ تعالی کے فضل سے نواز شریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک ظالم چن چن کر اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچ رہا ہے، اور یہ انتقام ان سے مسلم لیگ (ن) نہیں قدرت کا نظام لے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرت کی عدالت نے پاکستان اور نواز شریف پر ہونے والے ظلم کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کس طرح یہ بزدل دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگے ہیں، استعفی پر استعفی آ رہا ہے، غیور عوام کے سامنے کچھ باتیں رکھنے آئی ہوں، دیکھ رہے ہو نا کہ قدرت کی لاٹھی کس طرح اپنا اثر دکھا رہی ہے۔
جتنا بڑا ظالم، اتنا ہی بڑا بزدل
ان کا کہنا تھا کہ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے، وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے فرعون بنے ہوئے تھے، آج اپنی باری آئی تو جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹانگ پر پلاستر چڑھانے سے لے کر وہیل چیئر تک کی کہانی، منہ پر کالا ڈبہ اور کالی بالٹی چڑھانے کی کہانی، عدالتی احاطوں سے جوتی چھوڑ کر دوڑ لگانے کی کہانی اور اس کے مناظر آپ لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے۔
تمہارا انتخابی نشان بلا نہیں ڈنڈا تھا
انہوں نے کہا کہ بڑا شور مچا رہے ہیں کہ ہمارا انتخابی نشان ہم سے واپس لے لیا گیا ہے، آپ سے کسی نے کوئی نشان واپس نہیں لیا، کونسا نشان؟ تم کہتے ہو تمہارا انتخابی نشان بلا تھا، تمہارا انتخابی نشان وہ ڈنڈا تھا، جو تم نے اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوا تھا، وہ ڈنڈا جو تم نے پاکستان کی ریاست پر چلایا، پاکستان کے عوام کی روٹی پر چلایا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تم نے ڈنڈے سے شہدا کی یادگاروں کو توڑا، اس ڈنڈے سے فوجی تنصیبات پر حملے کیے،
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچا ہو گا کہ 2018کی طرح آر ٹی ایس بندکر کےجیت جائیں گے