لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 8 فروری کو لاہور میں شیر دھاڑے گا۔
لاہور میں نشتر کالونی کے استقبالیہ کیمپ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 8 فروری کو شیر پر ٹھپہ لگاؤ اور پاکستان کو نواز دو۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ ہم پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدلیں گے، نواز شریف بناتا ہے جبکہ باقی اجاڑتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ سے پی پی 159 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مانگتی ہوں۔ نشتر کالونی کی بنیاد نواز شریف نے رکھی تھی، جدید نشتر کالونی کی بنیاد میں رکھوں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور کی ترقی 5 سال سے رکی ہوئی تھی جو اب دوبارہ شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے کونے کونے میں ترقی کا نشان ہوگا، شیر مضبوط حکومت کے ساتھ آئے گا تو مہنگائی کم ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے 5 سال میدان میں رہ کر عوام کی خدمت کروں گی۔