راولپنڈی: افواج پاکستان کے ترجمان نے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کی جانے والی کاروائی سے متعلق باضابط اعلامیہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج نے ایران کیخلاف بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ۔کارروائی کے دوران ڈرونز، راکٹ سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آج صبح پاکستان نے ایران میں موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر حملہ کیا، ایران میں آپریشن انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا، پاکستان نے حملہ آور ڈرونز، راکٹس اور دیگر ہتھیاروں سے کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں بی ایل اے، بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، آپریشن بہت احتیاط سے کیا گیا تاکہ بڑے پیمانے پر نقصان نہ ہو۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے ایران میں موجود دہشتگردوں کےٹھکانوں کو کامیابی سےنشانہ بنایا، آپریشن کو “مرگ برسرمچار” کانام دیا گیا۔یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے،پاک فوج نے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر موثر کارروائی کی ہے۔
ترجمان کے مطابق نشانہ بنائے گئے ٹھکانے بدنام زمانہ دہشت گرد استعمال کر رہے تھے،دہشتگردوں میں دوست عرف چیئرمین، بجر عرف سوگھت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی شامل ہیں،دہشتگردوں کے خلاف حملے ڈرونز، راکٹوں، بارودی سرنگوں اور اسٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے کیے گئے، اجتماعی نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔