لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم کسی اور کا نہیں بلکہ مہنگائی کا شکار کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے مریم نواز کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پارٹی کے سینئر راہنما پرویز رشید، علی پرویز ملک، شائستہ پرویز، مریم اورنگزیب، حنا پرویز بٹ سمیت دیگر راہنما اور عہدیدار شریک ہوئے۔
اجلاس میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ حلقے میں انتخابی سرگرمیوں پر تجاویز کا تبادلہ بھی ہوا۔ مریم نواز نے رہنمائوں، عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے اور دن رات کی محنت کو سراہا۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ محض انتخاب جیتنے کی نہیں عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی جنگ ہے کیونکہ عوام نے بہت مسائل دیکھ لئے، اب انہیں مسائل کا حل دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کے لئے عوام ووٹ صرف نواز شریف کو دیں گے، انشاء اللہ ہم الیکشن اور پھر حکومت میں آنے کے بعد مہنگائی کا شکار کریں گے اور عوام کو ریلیف دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ’بے روزگاری اور غریت سے نجات دلانے کا عملی پروگرام تیار کر لیا ہے، عوام 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے تاکہ قوم کی ترقی اور مہنگائی سے نجات کے پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد ہو‘۔
اُدھر پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں 22 جنوری کو مانسہرہ میں قائم ٹھاکرہ اسٹیڈیم عوامی پنڈال سجانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نواز شریف خطاب کریں گے۔
پارٹی قیادت نے مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے امیدوار مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے استقبال کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف 22جنوری کو مانسہرہ میں جلسے سے خیبرپختونخوا میں پارٹی کی انتخابی مہم شروع کرینگے۔
واضح رہے کہ مانسہرہ میں نواز شریف کا یہ دوسرا جلسہ ہوگا، اس سے قبل نواز شریف انتخابی مہم کے سلسلہ میں حافظ آباد جلسہ سے خطاب کر چکے ہیں۔