راولپنڈی: پاکستان اور ایران نے حالیہ کشیدگی کے بعد دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اورانٹیلی جنس شیئرنگ کی ضرورت پراتفاق کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آئی) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آئی کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےملاقات میں دوسری ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی اہمیت اور سکیورٹی خدشات دور کرنے کیلئے پائیدار تعلقات اور روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پرزور دیا۔
بیان کے مطابق فریقین نےدوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور تحفظات کوزیادہ سےزیادہ سمجھنے پرزور دیتے ہوئےدہشت گردی سےباہمی تعاون اورانٹیلی جنس شیئرنگ کےذریعےنمٹنےکی ضرورت پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کارکوجلدازجلد فعال کرنےپر بھی اتفاق کیا گیا۔