لاڑکانہ : پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کے عوام کا شکر گزار ہوں، لاڑکانہ نے ہمارے خاندان کے ساتھ وفاداری نبھا کر تاریخ رقم کی ہے۔
انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان ایٹمی طاقت بن جاتا ہے، لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پھر پاکستان مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پوری دنیا اس کی بات مانتی ہے، لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پسماندہ طبقات کی نمائندگی ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ کا منتخب وزیراعظم عوام کی ترقی کی بات کرتا ہے دوستوں کی نہیں، لاڑکانہ وزیراعظم منتخب کرتا ہے تو مزدوروں کو محنت کا صلہ بھی ملتا ہے، نوجوانوں کو روزگار بھی ملتا ہے، ملک کا سفید پوش طبقہ بھی ترقی کرتا ہے، ملک کے چھوٹے تاجر بھی ترقی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، عوام ان کو اور ان کے طریقہ کار کو پہچانتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل سے نکلنے کیلئے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ہوگا، یہ لوگ جیت گئے تو ایک بار پھر دھرنے کی سیاست ہوگی، یہ لوگ جیت کر سیاسی مخالفین کے ساتھ پکڑ دھکڑ کریں گے، جنہوں نے حکومت دی یہ انہیں سے لڑ پڑے، ان کی وجہ سے جمہوریت اور پاکستان کا ہوا، نقصان پاکستانی معیشت اور عوام کا ہوا، وہ ایک بار پھر وزیراعظم بننے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔