راولپنڈی: قید بامشقت کے قیدی بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی نواز شریف والی سزا مل گئی۔عمران خان جیل میں اپنے کمرے کی صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کا خیال رکھیں گے۔
تفصیلات کےمطابق آئی جی جیل میاں فاروق نذیر نے بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ہی کمرے کی تزئین وآرائش وصفائی ستھرائی کی سزا دی گئی ہے، کوئی دوسری سزا دینے سے سیکیورٹی ایشوز بن سکتے ہیں۔
عدالتی احکامات موصول ہونے کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ نے سزا پر عملدرآمد کےلئے احکامات جاری کردیے ہیں،2019 میں نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں قید بامشقت کے طور پر کوٹ لکھپت جیل میں اپنے ہی بیرک کی صفائی کا کام دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سائفر کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10 ، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے زبانی مختصر فیصلہ سنایا۔فیصلہ سنانے کے وقت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔اس موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 342 کا بیان کمرہ عدالت میں ریکارڈ کرنے کے لیے سوالنامہ دیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے بیان دیا کہ ہمارے وکلاء موجود نہیں ہم کیسے بیان ریکارڈ کرائیں گے؟ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ آپ کے وکلاء حاضر نہیں ہو رہے، آپ کو اسٹیٹ ڈیفنس کونسل فراہم کی گئی۔