اسلام آباد: تحریک انصاف نے سینئر رہنما میاں اسلم اقبال کو وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار نامزدکردیا۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے رہنمابیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی جانب سے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے نامزد کیا گیا ہےجبکہ بلوچستان میں سالار کاکڑ وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہفتے کو پورے ملک میں پُرامن احتجاج کریں گے، دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، جو جماعتیں سمجھتی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی وہ بھی احتجاج میں شرکت کریں۔ان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا ہر فورم پر دفاع کریں گے، جو جماعت 20 سیٹیں مشکل سے جیت سکی، اس کو حکومت دی جا رہی ہے، الیکشن نے عوام کی آزادی کا تعین کرنا تھا۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو الیکشن سے متعلق بریفنگ دی، ریکارڈ کے مطابق تحریک انصاف 180 سیٹیں جیت چکی ہے، ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا تھا کہ ہم پاور پولیٹکس نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی سے مذاکرات ہوئے ہیں نہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا عوام کا آئینی و قانونی حق ہے، گرفتاریاں نہیں ہونی چاہیئں، درخواست ہے یہ مختصر کیسز ہیں یہ 70 حلقوں کے کیسز پر جلد فیصلہ ہو۔
اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام پیغامات بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھے، بانی پی ٹی آئی نے دو ٹوک مؤقف اپنایا ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے ساتھ پاور شیئرنگ نہیں کریں گے، یہ مینڈیٹ پر صرف ڈاکا نہیں پڑا، عوام کی آزادی کو سلب کیا گیا۔