اسلام آباد:سپریم کورٹ نے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
8 فروری کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ بینچ کا حصہ تھے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست گزار کون اور کدھر ہیں ، کیا درخواست صرف پبلسٹی کے لیے فائل کی گئی تھی؟ درخواست دائر کرکے سب کو دنیا میں دکھا دیا اور پھر غائب ہو گئے ،کل کو کہیں گے ہمیں سنا نہیں گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا، درخواست پر ہر صورت سماعت کریں گے، بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کو وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ علی خان نے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات اور دوبارہ انتخابات کی استدعا کی تھی۔