اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیگی امیدوار طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور آئی پی پی کے امیدوار راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کر دیئے۔ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے حلقوں کے انتخابی نتائج کبخلاف شعیب شاہین، علی بخاری و دیگر کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔درخواست گزار پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شعیب شاہین نے دلائل دیئے کہ الیکشن کی رات 12 بجے تک میرے پاس 380 فارم 45 آئے ۔ آر او کے دفتر گیا تو میرے فارم طارق فضل چوہدری کے کھاتے میں ڈال رہے تھے اور ان کے میرے کھاتے میں، بمشکل ریٹرننگ افسر کے پاس پہنچا اور کہا کہ اگر غلطی ہے تو اسے درست کر لیں، ریٹرننگ افسر نے دبے لفظوں میں مجھے کہا کہ یہاں سے چلے جاؤ ورنہ نکال دینگے، فارم 45 پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں، الیکشن نتائج کے بعد دو فارم 47 جاری کردئیے گئے تھے، عثمان اشرف حلقہ این اے 47 کے آر او تھے۔ہائیکورٹ نے تمام درخواستوں کی سماعت کے بعد حلقہ این اے 46 سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل، این اے 47 سے لیگی امیدوار طارق فضل چوہدری اور این اے 48 سے آئی پی پی کے امیدوار راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کر دیئے۔