اسلام آباد :حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔
اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر مملکت ہوں گے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں حکومت سازی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں بلاول بھٹو، شہباز شریف، اسحاق ڈار ، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات میں دعائے خیر بھی کروائی گئی۔