پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج پشاور میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کروں گا۔
پی ٹی آئی، مبینہ انتخابی دھاندلی کےخلاف احتجاجی جلسہ رنگ روڈ کتوبر چوک پر کرے گی، اس حوالے سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق پشاور میں جلسہ دوپہر 2 بجے ہوگا، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خطاب کریں گے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آصف زرداری فارم پینتالیس نہیں سینتالیس والے صدر ہیں، انہیں صدر مانتا ہوں اور نہ ان کی حلف برداری میں جاؤں گا۔
انھوں نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ثابت کیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو ہٹا کرچوروں نے ملک کو تباہ کیا۔