اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،11 کاروائیوں کے دوران 451 کلو منشیات برآمد جبکہ 17 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور میں کوریئر آفس میں جاپان بھیجے جانے والے پارسل سے 5.2 کلو آئس برآمد کر لی گئی جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 450 گرام آئس برآمد کر لی گئی
ترجمان کا کہنا ہےکہ راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 66 گرام ویڈ ، روغنی روڈ چمن سے 220 کلو چرس جبکہ شالیمار ٹاؤن لاہور میں خاتون سمیت 4 ملزمان سے 195.6 کلو افیون برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ترکی ٹول پلازہ سوہاوہ کے قریب دو کاروائیوں میں 4 ملزم سے 15.6 کلو چرس برآمد گی گئی ، ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزم سے 7 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ مری روڈ راولپنڈی میں ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔