لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرکاری اسپتالوں میں کرپٹ مافیاز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ہیلتھ پراجیکٹ سے متعلق 3گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری صحت نے اسپتال، ادویات اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ ،ہیلتھ ریفارمز اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ”صحت کی دستک آپ کی دہلیز پر”کے تحت فیلڈ اسپتالو ں کے ذریعے 15لاکھ اور کلینک آن ویل کے ذریعے 40لاکھ شہریو ں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں محمد نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا ڈی ایچ کیو سے متصل اراضی پر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ صوبہ بھر میں 2500بی ایچ یو اور300آر ایچ سی کی اسی سال اپ گریڈیشن کی جائے گی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فیلڈ ہاسپٹل اور کلینک آن ویل پراجیکٹ کو جلد از جلد پوری طرح فنکشنل کرنے کی ہدایت دی جبکہ مریم نوازشریف نے تمام دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و مرمت و اپ گریڈیشن کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں کو ان کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی جلد ازجلد یقینی بنانے کی ہدایت دی جبکہ مریم نواز نے سرکاری اسپتالوں میں کرپٹ مافیاز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں کینسر اسپتال کا پہلا فیز اسی سال مکمل کرنے کی ہدایت، 2سال میں پورا اسپتال بنایا جائے گا جبکہ پنجاب کے پہلے بڑے سرکاری کینسر اسپتال میں ہر سٹیج کے مریض کاعلاج کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ ہر سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر اور طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے، ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کے لئے بہترین طبی سہولتیں چاہتے ہیں، لاہور کے کینسر اسپتال میں دنیا کے بہترین کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر لائیں گے۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، ڈاکٹر عدنان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔