اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوشن (PGMI-II) کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی کے ہمراہ ڈاکٹر ملک مختار احمد نے عوامی فلاح و بہبود کے اہم منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
بریفنگ میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر کو آگاہ کیا گیا کہ 300 بستروں پر مشتمل ہسپتال ستمبر 2025 تک مکمل ہوگا۔ ڈاکٹر ملک مختار احمد نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد میں صحت کی موجودہ سہولیات پر بوجھ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب (IDAP) کو ہدایت کی کہ وہ PGMI-II منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تعمیراتی شیڈول پر سختی سے عمل کرے۔ انہوں نے کنٹریکٹر کو اسلام آباد میں صحت کی سہولیات پر بوجھ کم کرنے کے لیے مستقبل میں ہسپتال کی عمارت میں مزید منزلوں کے اضافے کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس سے قبل ڈاکٹر ملک مختار احمد کو صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے اپنے آرگنائزیشن کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے پی ایم ڈی سی کو طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی میڈیکل طلباء کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پی ایم ڈی سی کو ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن (ڈبلیو ایف ایم ای) کے ساتھ ایکریڈیٹیشن پر مبارکباد دی ۔ اس ایکریڈیٹیشن نے پاکستانی گریجویٹس کو دوسرے ممالک میں ڈبلیو ایف ایم ای کے رکگنایز اداروں میں تربیت اور پریکٹس کرنے کےلئے اہل بنا دیا ہے۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے پی ایم ڈی سی کو دوسرے ممالک کے مریضوں کو پاکستان میں علاج کے لیے راغب کرنے کے لیے پاکستان میں غیر ملکی ڈاکٹروں کے عارضی قیام کی سہولت کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔