لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہےکہ کیا پیپلزپارٹی یہ کہہ سکتی ہےکہ جیسا کراچی کو بنایا ہے ویسا پورا ملک بنائیں گے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ویں ترمیم ادھوری ہے، ن لیگ اٹھارہویں ترمیم کو مکمل کرےگی، پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم سے متعلق خوف پھیلانا چاہتی ہے، ن لیگ کا مقصد اٹھارہویں ویں ترمیم کی اصل روح پر عمل درآمد کرانا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نےکراچی کی رونقیں بحال کیں، ہم بلدیاتی حکومت کی مضبوطی کے لیے اٹھارہویں ترمیم کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، اٹھارہویں ترمیم کو ن لیگ مکمل کرےگی، مرکز سے صوبوں تک اختیارات گئے لیکن صوبوں سے نچلی سطح تک اختیارات نہیں گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے انتخابات کی تیاری کے لیے سنجیدہ کوشش شروع کردی ہے، مسلم لیگ ن کے پاس معاشی بحران پر قابو پانے کی صلاحیت موجود ہے، ہم نے بجلی کے بحران پر قابو پا کر دکھایا، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دکھایا، پنجاب میں عثمان بزدار کے4 سال میں ہماری کارکردگی پر گرہن لگانےکی کوشش کی گئی۔
پیپلز پارٹی پنجاب میں ن لیگ مخالف ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے: رانا ثنا
اس موقع پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں ن لیگ مخالف ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے، اگر بلاول سمجھتے ہیں کہ ن لیگ پر تنقید سے ووٹ ملیں گے تو پورا زور لگالیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہی سے بچانےکے لیے پی ڈی ایم بنائی گئی تھی، پی ڈی ایم کبھی الیکشن اتحاد نہیں تھا۔