کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی آئی اے ،سٹیل ملز کی نجکاری کی مخالفت کردی ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مطالبہ کردیا۔
کراچی آرٹس کونسل میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ مزدوروں کا دن منارہا ہوں۔ مزدوروں کی محنت سے دنیا بھر میں معیشت چلتی ہے، مزدوروں کو محنت کا صلہ ملنا چاہیے، مزدوروں کی محنت سے اشرافیہ پیسہ کماتی ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے مزدوروں کے حقوق کے لیے اقدامات اٹھائے۔
بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے مزدوروں کے لیے ای و بی آئی جیسے اقدامات اٹھائے، پیپلزپارٹی نے مزدور مخالف پالیسیز اور مزدور مخالف قوانین کو ختم کیا۔ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہنا تھاکہ موجودہ وزیر خزانہ ہمارے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نظام کو بہت پسند کرتے ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ ہم ان کو سمجھائیں، اس بات پر ان کو منائیں کہ آپ نجکاری کے بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طرف بڑھیں تاکہ ہم اس ادارے کو فعال بھی کرسکیں۔