لاہور(سٹاف رپورٹر)فاقی وزیر ہوا بازی خواجہ محمد آصف نے لاہور ایئرپورٹ ٹرمینل کی عمارت کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے متاثرہ حصے کا خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ وزارت ہوابازی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ دیگر نظاموں کے ساتھ اندرون ملک آپریشن بھی بحال کر دیا گیا ہے تاہم آئی بی ایم ایس امیگریشن سسٹم کی بحالی پر کام جاری ہے اور اسلام آباد سے ایک ٹیم آلات سمیت پہنچ گئی ہے اور یہ سسٹم جلد فعال ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے آئی بی ایم ایس سسٹم کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام ایجنسیوں کے اہلکاروں سے بات چیت کی اور ہوائی اڈے کی انتظامیہ اور آتشزدگی کے اس ناخوشگوار واقعہ کے بعد کام کرنے والی تمام ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا۔